زرداری نے پانامہ لیکس پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنادی :امریکہ جمہوری پاکستان کی حمایت کرے :سابق صدر
کراچی+ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی ) سابق صدر آصف زرداری نے پانامہ لیکس پر پیپلز پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی کے سربراہ رحمن ملک جبکہ ارکان امتیاز صفدر وڑائچ اور خرم لطیف کھوسہ ہیں۔ کمیٹی ایک ہفتے میں شریک چیئرمین اور چیئرمین کو رپورٹ پیش کریگی۔ ترجمان رحمن ملک کے مطابق رپورٹ کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جائیگا۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف زرداری سے پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمن ملک نے لندن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال اور پانامہ لیکس کے حوالے سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زرداری نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک کو خصوصی ہدایات دیں۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایف 16 طیاروں کا معاملہ پاکستان اور امریکہ کی دوری کا واضح اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان امریکہ تعلقات گزشتہ 15 سال سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ایف16 طیاروں کا معاملہ پاکستان اور امریکہ کی دوری کا واضح اشارہ ہے۔ پاکستان امریکہ تعلقات خطے میں روس کی دھمکی کی وجہ سے مضبو ط ہوئے تھے۔ آصف زرداری نے کہا پاکستان خطے میں مضبوط جمہوری ملک کے طور پر ابھرا ہے۔ پاکستان امریکہ تعلقات نان سٹیٹ ایکٹرز کی وجہ سے مضبوط ہوئے تھے۔ ہم نوجوان آبادی پر مشتمل قوم ہیں۔ نوجوان آبادی کی وجہ سے پاکستان آئندہ دہائیوں میں بھرپور ترقی کریگا۔ پاکستان خطے کی ابھرتی ہوئی طاقت ہے۔ امریکہ کو جمہوری پاکستان کی حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ابھی بھی دہشت گرد گروپوں کے دبائو میں ہے۔ امریکہ کو پاکستان کی سکیورٹی ضروریات میں تعاون سے آگے کا سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو ہتھیار دینے کی حمایت کی ہے۔ امید ہے امریکی حکام پاکستان کی سکیورٹی ضروریات کو مدنظر رکھیں گے۔