فرانس مسلم خواتین کو حجاب کی آزادی دے :پوپ
روم(آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مسلمان خواتین کو حجاب کا حق دینے کی حمایت کی ہے، پوپ فرانسس نے فرانس پر زور دیا کہ وہ مسلم خواتین کو ان کے عقائد کے مطابق حجاب کرنے کی آزادی دے۔ فرانس مسلمان خواتین کے حجاب کے حق کا احترام کرے۔ ایک مسلم خاتون کو اسی طرح حجاب کی آزادی ملنی چاہیے جس طرح کسی عیسائی کو کراس پہننے کے لیے حاصل ہے۔ لوگوں کو اپنے عقائد پر عمل پیرا ہونے کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے فرانس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے قوانین چرچ اور ریاست کو علیحدہ کرنے کا سبب بن رہے ہیں، اسے اپنے اقدامات پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ فرانس میں چھ ملین مسلمان ہیں جو کسی یورپی ملک میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ یاد رہے کہ فرانس میں 2004 میں حجاب کی پابندی لگا دی تھی۔ پوپ نے کہا صادق خان کا لندن کا میئر بننا یورپ میں مسلمانوں کے گھلنے ملنے کا ثبوت ہے۔ یورپ کو اسلام نہیںداعش سے خطرہ ہے۔ لیبیا کے عوام کہہ رہے کہ پہلے ایک قذافی تھا، اب 50 قذافی ہیں۔ مسلمان اور مسیحی مل جل کر رہ سکتے ہیں لبنان اس کی مثال ہے۔