پشاور :یکے بعد دیگرے 2 بم دھماک پولیس اہلکار شہید 19 افراد زخمی
پشاور + ڈیرہ اسماعیل خان + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) پشاور کے علاقے متھرا میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 13 پولیس اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے جبکہ خیبر پی کے کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ سے جے یو آئی (ف) کے رہنما حاجی عالم شاہ جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پشاور کے علاقے متھرا میں پہلا دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے پولیس موبائل کے قریب کیا گیا جس میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ دھماکے کے فوری بعد بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو ٹیمیں اور میڈیا کے نمائندے جائے وقوعہ پر پہنچے ہی تھے کہ ایک اور دھماکہ ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق 13 پولیس اہلکاروں اور نجی ٹی وی کے کیمرہ مین سمیت 19 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک پولیس اہلکار محمد افتخار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ دونوں دھماکوں میں 4 سے 5 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ پہلا بم دھماکہ ریموٹ کنٹرول دوسرا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو فوری بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نواز شریف نے دھماکوں کی شدید مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں یونیورسٹی روڈ پشاور پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے وکیل جاں بحق ہو گیا۔ ادھر خیبرپی کے کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما حاجی عالم شاہ کو ان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق 3 نامعلوم مسلح افراد تحصیل پرووا میں حاجی عالم شاہ کے گھر میں داخل ہوئے اور ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ آن لائن کے مطابق بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میںنامعلوم مسلح افراد نے زیر تعمیر سکول پر حملہ کر کے ایک مزدور کو زخمی کر کے 3 مزدوروں کو اغواء کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے قریب کیجولٹی روڈ پر سابقہ دشمنی کی بناء پر پشاور ہائی کورٹ کے سینئر وکیل کندل خان کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ ادھر حیات آباد سرکل پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو بارودی مواد، دستی بموں، اسلحہ اور دیگر دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتارکر لیا۔ گرفتاردہشت گردوںمیں ایک کا تعلق افغانستان سے ہے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق اقبال ٹائون کے علاقہ میں پولیس نے گزشتہ روز بھی مشکوک افراد کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اور نامکمل کوائف کی بنا پر 17 افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔ ادھر پیر کالونی ملتان میں پولیس نے سرچ آپرشن میں 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔