ملتان: سی ٹی ڈی کی کارروائی، القاعدہ کمانڈر سمیت 8 دہشت گرد ہلاک
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) ملتان میں دریائے چناب کے قریب نواب ٹاؤن میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 2 القاعدہ کمانڈر سمیت 8 دہشت گرد ہلاک اور 8 فرار ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سی ٹی ڈی نے نواب پور میں ایک ٹھکانے پر القاعدہ کمانڈروں منیب جاوید اور طیب نواز کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں طیب نواز عرف حافظ عبدالمتین، منیب رزاق عرف عبدالرحمان ذیشان اور ان کے 5 ساتھی مارے گئے جبکہ یاسر پنجابی اور القاعدہ کمانڈر منیب جاوید اور 6 دہشت گرد فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزموں نے ملتان کی ایک معروف یونیورسٹی میں گھس کر دہشت گردانہ حملے کا منصوبہ بنا رکھا تھا علاوہ ازیں دہشت گرد منیب رزاق حساس ادارے کے ملازم کے قتل میں ملوث جبکہ ہلاک دہشت گرد طیب عرف حافظ عبدالمتین القاعدہ کا کمانڈر اور پریڈی لین راولپنڈی دھماکے کا ماسٹر مائنڈ تھا وہ القاعدہ کے فنانس اور لاجسٹکس کے معاملات دیکھتا تھا مارے گئے دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس 47 رائفلز، 2 پستول، 3 دستی بم برآمد کر لئے۔