• news

رانا ثنا نے خورشید شاہ، عمران، اعتزاز سے 7 سوالوں کا جواب مانگ لیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ اپوزیشن گندی ہوچکی ہے، اسکے رویئے کو عوام دیکھ رہے ہیں، اپوزیشن کے سامنے سات سوالات رکھتے ہوئے کہا ہے کہ قوم خورشید شاہ کی زبانی سرے محل کی کہانی سننا چاہتی ہے، وہ سوئٹزرلینڈ کے اکائونٹس اور میٹر ریڈر سے کئی ایکڑ اراضی کے مالک کیسے بنے۔ عوام کو بتائیں۔ عمران اِدھر اُدھر کی مارنے کے بجائے قوم کو بتائیں کہ انکے دائیں کھڑے ہونے والے جہانگیر ترین نے قرضے معاف کیسے کرائے، اور صرف ہاں یا ناں میں جواب دیں، یہ بھی بتائیں کہ عمران خان نے 1983ء میں آف شور کمپنی بنائی تو قوم کو کیوں نہیں بتایا، علیم خان سے نوجوانوں کو وہ نسخہ کیمیا پوچھ کر بتائیں کہ 29 لاکھ میں 50 لاکھ کی پراپرٹی کیسے خریدی جاتی ہے جبکہ اعتزاز احسن ایل پی جی کوٹہ اور ملک ریاض سے فیس کی مد میں کتنی رقم وصول کرچکے ہیں۔ قوم جاننا چاہتی ہے یہ بھی قوم کے سامنے آنا چاہئے، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے 80سال پر محیط اپنا سیاسی سفر اور خاندانی کاروبار سے متعلق جو موقف پیش کیا ہے اس پر فیصلہ اپوزیشن نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کریں گے ۔اپوزیشن کوچاہیے کہ نئے سوالات اٹھانے کی بجائے پہلے میرے 7 سوالوں کا جواب دیں ، 3 سوالوں کا جواب خورشید شاہ، 3 سوالوں کا عمران خان اور ایک سوال کا جواب اعتزاز احسن دیں۔ عمران خان کہتے تھے کہ لیڈرکبھی جھوٹ نہیں بولتا تو پھر آپ نے قوم سے اتنا بڑا جھوٹ کیوں بولا۔

ای پیپر-دی نیشن