اے این پی آج اسفندیار ولی کی زیر صدارت اجلاس میں اپوزیشن کے ساتھ چلنے نہ چلنے پر غور کریگی
لاہور (خصوصی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کے ساتھ چلنے یا نہ چلنے سمیت ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر آج جمعرات کو مردان میں پارٹی سربراہ اسفندیار ولی خان کی زیر صدارت ہونے والے تھنک ٹینک اجلاس میں غور کرے گی۔ تھنک ٹینک کے ممبر احسان وائیں گزشتہ روز مردان روانہ ہو گئے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور وہ کسی ایسی سیاسی تحریک یا احتجاج کو مناسب نہیں سمجھتی جس کا مقصد جمہوریت کو ڈی ریل کرنا ہو۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی کا تھنک ٹینک ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کرنے کے علاوہ آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ بھی کرے گا۔