• news

احتساب ادارے کے قیام کا امکان، تحریک انصاف کے بڑے سر جوڑ کر بیٹھ گئے

لاہور (فرخ سعید خواجہ) پارلیمنٹ میں اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنمائوں میں حکومت کے ساتھ معاملات افہام و تفہیم سے چلانے اور پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے متفقہ ٹی او آرز بنانے پر اتفاق کے پیش نظر احتساب ادارے کے قیام کی طرف چلے جانے کا امکان سامنے رکھتے ہوئے تحریک انصاف کے بڑوں نے سر جوڑ لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ساتھیوں پر واضح کر دیا ہے کہ کوئی اور جماعت ہمارے ساتھ چلے نہ چلے ہم وزیراعظم نواز شریف کو کیفر کردار تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ ان کے ساتھیوں نے ان کے نکتہ نظر کو درست قرار دیتے ہوئے تحریک کی تیاریوں کے لیے ہوم ورک کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک تجویز یہ سامنے آئی کہ رمضان المبارک میں کسی تحریک سے اجتناب کیا جائے اور عیدالفطر کے بعد بھرپور طریقے سے سڑکوں پر آیا جائے۔ عمران خان نے تحریک کے لیے پارٹی کو نچلی سطح تک متحرک کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس سلسلے میں جلد کور کمیٹی کا اجلاس بلا کر باضابطہ فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن