• news

وفاق کے بجٹ میں راہداری منصوبے کیلئے 350 ارب مختص کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کیلئے آئندہ بجٹ میں 350 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سی پیک منصوبوں کی وجہ سے پی ایس ڈی پی 700 ارب روپے سے کم کرکے 650 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ آئندہ بجٹ 2016-17ء میں عوامی ترقیاتی فنڈز میں کمی کرنے کا مقصد سی پیک منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کرنا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں، مغربی روٹ منصوبہ سمیت دوسرے اہم سڑکوں اور گوادر پورٹ کیلئے 350 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کی گیا ہے۔ سی پیک پر خرچ ہونے والا فنڈز بھی پی ایس ڈی پی کے ذریعے استعمال کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال بجٹ 2015-16 کیلئے پی ایس ڈی پی 700 ارب روپے رکھے گئے تھے جبکہ آئندہ بجٹ 2016-17 ء میں پی ایس ڈی پی کو کم کرکے 650 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی پیک کے تحت ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیے جانے والے توانائی منصوبوں کو 2018ء تک ہر حال میں مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس سے 10400 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ یاد رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایکسٹنڈڈ فیسلٹی پروگرام ستمبر 2016 ء میں ختم ہونے کے بعد قرضہ سود سمیت واپسی کا بھی عمل شروع ہوجائے گا اور آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے نئے آئندہ بجٹ ٹیکس لگانے کے ساتھ ساتھ بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 5.3 فیصد سے کم کرکے 4.3 فیصد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے سی طرح پی ایس ڈی پی فنڈز میں کمی سے بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا پانچ فیصد تک آنے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن