راہداری منصوبہ عالمی ترقی، امن کیلئے اہم کردار ادا کرے گا: چینی رہنما
بیجنگ (آئی این پی) چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین یانگ ڈیجیانگ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ تمام ممالک کی تیز رفتار ترقی کے لئے وقت کی ضرورت ہے ۔ یانگ ڈی جیانگ نے بدھ کو علاقائی اور بین الاقوامی تعمیر وترقی میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کے کردار پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تعمیر وترقی کی علامت ہے اور اس طرح کے اقدامات عالمی سطح پر امن وامان کے قیام اور ترقی میں بھی اہم کردارادا کریں گے۔ چین کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے تعمیر وترقی کے منصوبے تمام ممالک کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ چین ایشیا، یورپ اور افریقہ کو آپس میں ملاتے ہوئے تجارت اور انفراسٹرکچر کا ایک نیٹ ورک قائم کرنا چاہتا ہے اور ایسے اقدامات نے دنیا بھر کے ممالک کی توجہ کامیابی سے حاصل کر لی ہے۔ حوصلہ افزاءمعاشی ترقی کو مستحکم کرنے کے لئے چین کے دروازے مستقبل میں پوری دنیا کے لئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ سے مشترکہ ترقی کو فروغ ملے گا اور اس سے منسلک تمام ممالک کے شہری اپنے معیار زندگی کو معاشی طور پر بہتر بنا سکیں گے۔
چینی رہنما