• news

کوئٹہ:بلوچستان کانسٹیبلری کی وین پر بم حملہ ایک اہلکار شہید 5 زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ایجنسیاں) کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر بلوچستان کانسٹیبلری کی وین پر بم حملہ کے حملہ میں ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ پانچ زخمی ہو گئے ، دھماکے میں پولیس وین مکمل تباہ ہو گئی۔ پنجگور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشرقی بائی پاس کے علاقے بلوچستان کانسٹیبلری کی قاسم لائن سے ریپڈ رسپانس گروپ کے 5 اہلکار موبائل میں سٹیشن جا رہے تھے جوں ہی گاڑی بکرا منڈی کے قریب پہنچی تو اچانک سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے میں آر آر جی کا بہترین نشانہ باز عطا محمد موقع پر شہید ہو گیا۔ عطا محمد اسلام آباد نشانہ بازی کے مقابلوں میں حصہ لینے جا رہا تھا۔ دھماکے میں انسٹرکٹر عبد الرازق، حوالدار صابر حسین، سپاہی ثناء اللہ اور عبدالوحید زخمی ہو گئے۔ دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ایس ایس پی سریاب ظہور احمد کا کہنا تھا کہ دھماکے میں چار کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے ریمونٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور دیگر رہنمائوں نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب فرنٹیئر کور (ایف سی) اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے پنجگور میں دہشتگری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر علا قے کو بڑی تباہی سے بچا لیا، بھاری مقدار میں اسلحہ بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا تاہم کوئی گرفتار عمل میں نہ آ سکی۔ جمعرات کے روز ایف سی اورحساس اداروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر پنجگور کے علاقے سبزاب میں ایک کمپائونڈ پر چھاپہ مار کر کمپائونڈ میں چھپائے گئے26راکٹ اور 1350گولے برآمد کر لئے، اس کے علاوہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے تیارہ شدہ آئی ای ڈیز، 2رائفلیں اور دستی بم بھی قبضے میں لے لیے گئے جبکہ سینکڑوں رائونڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کوئٹہ میں پولیس ناکہ کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن