ججوں، جرنیلوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے ایم کیو ایم اپوزیشن کا حصہ ہے: خورشید شاہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ سارے مسائل کا حل پارلیمنٹ ہے۔ سیاستدانوں کا ہی نہیں ججز اور جرنیلوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔ کوشش ہے مسائل سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں حل کریں۔ حکومت سے کہوں گا لوٹی دولت واپس لا کر سب کو معاف کردے۔ عدلیہ چاہے تو قانون سازی میں بھی کردار ادا کر سکتی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی مرحلہ وار احتساب کیلئے ٹی او آر بنائے گی۔ پارلیمانی کمیٹی احتساب کے جامع نظام کیلئے بھی تجاویز دے گی۔ پارلیمنٹ کی مدت 4 سال کرنے کی تحریک ایوان میں لائی جائے سب سے پہلے ووٹ دوں گا۔ فوج کا کام صرف نظام کی رکھوالی ہے، حکومت چلانا سویلین کا کام ہے۔ کرپشن کی وجہ سے ملکی مسائل دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن نیک نیتی سے حکومت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ سے شروع ہو۔ ایم کیو ایم سے بات کر رہے ہیں، ان کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ ایم کیو ایم اپوزیشن کا حصہ ہے۔ پانامہ لیکس پر جنرل راحیل شریف کو ہی نہیں پوری قوم کو تشویش ہے۔ ماضی میں ججز جنرل کے احتساب کا بل لائے لیکن نواز شریف کے اہم وزیر نے معاملہ رکوا دیا۔