ملتان سے فرار 6 القاعدہ دہشت گرد مظفر گڑھ میں ہلاک، پنجاب میں آپریشنل گروپ ختم
مظفر گڑھ + ملتان +لاہور(نوائے وقت رپورٹ + اے ایف پی + کرائم رپورٹر+خصوصی نامہ نگار ) مظفر گڑھ میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ سے ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہلاک دہشت گرد ایک روز قبل ملتان آپریشن کے دوران فرار ہو گئے تھے۔ خفیہ اطلاعات پر فرار ہونے والے دہشت گرد یاسر پنجابی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں دہشت گرد یاسر پنجابی اور اس کے 5 ساتھی ہلاک ہو گئے۔ اسلحہ، بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملتان کے علاقے نواب پور میں گزشتہ شب حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں مارے جانے والے 8دہشت گردوں کا تعلق شدت پسند تنظیم القاعدہ سے نکلا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے جانے والوں میں سے ایک دہشت گرد طیب عرف عبدالمتین القاعدہ پاکستان کا بانی تھا اور پریڈ لائن راولپنڈی میں حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ تحریک طالبان کی جانب سے 6 حملہ آور پنجاب روانہ کر کے زکریا یونیورسٹی و نشتر میڈیکل کالج سمیت پنجاب کے تعلیمی اداروں و اہم مقامات کو نشانہ بنانے کی دھمکی پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ سرچ آپریشن و چھاپے مار کر 20 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ نواب پور کے علاقہ میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشت گرد حافظ عبدالمتین‘ طیب‘ منیب رزاق‘ عبدالرحمن اور ذیشان وغیرہ ہلاک ہو گئے تھے جن کی لاشیں نشتر منتقل کی گئیں اور گزشتہ روز پوسٹ مارٹم کروایا گیا جبکہ سی ٹی ڈی ملتان نے واقعہ کامقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور موقع سے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے ہیں۔ ہلاک دہشت گرد یاسر پنجابی اور اس کا ایک ساتھی موٹرسائیکل پر جبکہ چار دہشت گرد کار میں سوار تھے جب دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا یہ دہشت گرد ڈی جی خان جانے والی سڑک پر جا رہے تھے۔ یاسر پنجابی لاہور میں احمدیوں کی عبادت گاہ پر حملے میں بھی ملوث تھا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان2018 تک محاذآرائی میں رہنا چاہتے ہیں اس لیے ہر معاملے میں جلائو گھیرائو کنٹینر تلاش کر رہے ہیں‘ پنجاب میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عسکری و سول قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء نے کہا کہ پاکستان کا پانی روک کر بھارت مسلسل زیادتی کر رہا ہے پانی کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائیں گے پاکستان کی طرف سے غیر ریاستی عناصر کی حمایت کی کوئی پالیسی موجود نہیں ہے بھارت بھی بلوچستان میں مداخلت بند کردے چاہے وہ غیر ریاستی یا سرکاری سطح پر ہے۔ ملتان میں آپریشن میں القاعدہ سمیت بڑی دہشت گرد تنظیموں کے اہم دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ملتان میں آپریشن نہ ہوتا تو باچا خان یونیورسٹی جیسا کوئی خطرناک سانحہ ہو سکتا تھا۔ پاکستان کی کوئی بھی حکومت کبھی بھی دہشت گردی کی حمایت میں نہیں رہی۔ اب حکومت کا ایک واضح موقف ہے کہ پاکستان کی سرزمین کو نان سٹیٹ ایکٹرز کیلئے کسی صورت استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔