کیا مساجد کو پارٹ ٹائم پکچر ہاؤسز میں تبدیل کرنے کے ارادے ہیں: چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں اسلامک سینٹرکی سنیما کی تبدیلی کے خلاف سوموٹو کیس کی سماعت میں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کیا زبردست کام ہورہے ہیں کیا مساجد کو پارٹ ٹائم پکچر ہائوسز میں تبدیل کرنے کے ارادے ہیں؟ کیا ان میں کوئی خوف خدا نہیں ؟ سندھ حکومت کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے رپورٹ جمع کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ مسجد، لائبریری،آڈیٹوریم پر مشتمل اسلامک ریسرچ سنٹر فن رامہ کمپنی کو ٹھیکے پر دیا گیا ہے اور کمپنی نے مرکز کو پکچر ہائوس میں تبدیل کیا ہے۔ عدالت نے سٹی گورنمنٹ اور کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے نمائندے کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ عدالت سے کھیل نہ کھیلے عدالت بے بس نہیں ہے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا اچھی بات ہے ایک کی جگہ چار سنیما ہال بنائے جائیں لیکن مسجد کی جگہ پر نہیں، چیف جسٹس نے کہا یہ ٹھیکہ بھی کسی منظور نظر کو مل گیا ہوگا۔