مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد کرنے پر غور
اسلام آباد (این این آئی) رمضان المبارک اور عید کے موقع پر چاند کی تاریخوں کے اختلاف کے خاتمے کیلئے حکومت نے رواں سال رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے پر غور شروع کردیا، حکومت نے پشاور اور دیگر شہروں کے تمام علماء کے ساتھ ملاقات کا بھی فیصلہ کیا ہے، جن میں پشاور کی مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی بھی شامل ہیں، جو عموماً رمضان کے چاند کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے ایک دن قبل کرتے ہیں۔ وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم رواں سال رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور مں منعقد کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ چاند دیکھنے سے متعلق تمام مسائل اور اختلافات کو موقع پر ہی حل کیا جاسکے۔