• news

گلے شکوے دور‘ ایم کیو ایم اپوزیشن کی طرف سے ٹی او آر کمیٹی میں شامل‘ بیرسٹر سیف رکن نامزد، آفتاب شیرپاﺅ دستبردار، پرسوں سے کام شروع ہونا چاہیے: خورشید شاہ

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) اےم کےو اےم کی جانب سے متحدہ اپوزےشن کا حصہ بننے اور عدالتی کمےشن کی ٹی او آر کمےٹی مےں اپوزےشن کا ساتھ دےنے کی ےقےن دہانی کرانے پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشد شاہ نے اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت کے بعد ایم کو ایم کے سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف کو پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی طرف سے نامزد کردیا ہے ۔کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہوگی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سینٹ قومی اسمبلی میں باضابطہ طورپر کمیٹی کی تشکیل کیلئے قراردادیں منظور کر لی گئی ہیں پیر یا منگل سے پارلیمانی کمیٹی اپنا کام شروع کر دے گی جمعہ کو کمیٹی میں ایم کیو ایم کی نامزدگی کے معاملے پر اپوزیشن کا مشاورتی اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا جس مےں سید خورشید شاہ، اعتزاز احسن، شاہ محمود قریشی، طارق بشیر چیمہ، آفتاب احمد شیر پاﺅ، صاحبزادہ طارق اللہ اور ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکت کی، آفتاب احمد شیر پاﺅ رضاکارانہ طورپر دستبردار ہوگئے ہیں ان کی جگہ بیرسٹر محمد علی سیف کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی دو ہفتوں میں اپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔ اجلاس کے بعد صحافےوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے نامزدگی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کر لی ہے۔ حکومت کو ٹی او آرز طے کرنے کیلئے تاخیر نہیں کرنی چاہیے پیر، منگل سے کام شروع ہو جانا چاہیے انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم واپس آگئی ہے سپیکر جلد ازجلد ناموں کا اعلان کرےں، حکومت پانامالیکس کے معاملے کی تحقیقات پر کھلے دل کا مظاہرہ کرے۔

ای پیپر-دی نیشن