کانگرس کی سخت مخالفت کے باوجود پاکستان کو ایف 16 طیارے جولائی تک مل سکتے ہیں: امریکی دفاعی ماہرین
واشنگٹن (آن لائن) امریکی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون سازوں کی سخت مخالفت کے باوجود پاکستان، رواں سال جولائی کے آخر تک امریکہ سے ایف 16 طیارے حاصل کرسکتا ہے۔ میڈیا رپو رٹ کے مطا بق امر یکی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اوباما انتظامیہ بالاخر امریکی کانگریس کو اس بات پر قائل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی کہ پاکستان کو طیارے فروخت کرنا خود امریکہ کے مفاد میں ہے۔امریکی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے کانگریس کے دونوں ایوانوں کے کئی اہم قانون سازوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کو ایف 16 طیارے فروخت کرنے اور فوجی امداد روکے جانے کے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔ امریکی سیکرٹری دفاع ایش کارٹر نے بھی حالیہ دورہ بھارت کے دوران پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی مجوزہ فروخت کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں آپریشن کے دوران ایف 16 طیارے کامیابی سے استعمال کئے جس پر ہم پاکستان کی حمایت کرتے ہیں۔ دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں دونوں ممالک کے دفاعی اداروں کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ اوباما انتظامیہ کو خوف ہے کہ اگر پاکستان پر دباؤ بڑھایا گیا تو اس کے منفی اثرات ہوں گے اور پاکستان میں امریکہ مخالف جذبات میں اضافہ ہو گا۔