نادرا غیرملکیوں کو پکڑتا ہے نہ اپنے شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کرتا ہے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے شہری کو نادرا کی جانب سے غیرملکی قرار دینے پر ڈائریکٹر نادرا سے ایک ہفتے میں وضاحت طلب کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار چونیاں کے رہائشی محمد سلیم کی جانب سے بتایا گیا نادرا نے غیرملکی قرار دیکر شناختی کارڈ بلاک کر دیا حالانکہ محمد سلیم نے اپنے والدین اور بھائیوں کے شناختی کارڈ بھی نادرا حکام کو دکھائے لیکن نادرا حکام اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہے اور سلیم کو غیر ملکی شہری قرار دیدیا۔ فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ نادرا غیرملکیوں کو تو پکڑ نہیں رہا اور اپنے شہریوں کو شناختی کارڈ جاری نہیں کر رہا۔ عدالت نے نادرا حکام سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔