چنیوٹ: بیماری سے تنگ شخص نے گلے پر چھری چلا دی: پیر نے کہا تھا: ذرائع
چنیوٹ (نامہ نگار) ذہنی مریض شخص نے بیماری سے تنگ آکر اپنے گلے پر چھری چلا دی، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 45سالہ محمد نواز سکنہ محلہ ترکھاناں رجوعہ سادات ذہنی مرض میں مبتلا ہے جس کا مختلف طبیبوں، حکیموں ، ڈاکٹروں اور پیروں سے ہر قسم کا علاج کروایا گیا لیکن وہ ٹھیک نہ ہو سکا گزشتہ شب اُس نے بیماری سے تنگ آکر اپنے گلے پر تیز دھار چھری چلا دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا جسے ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا بعدازاں ڈاکٹروں نے اُسے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا جہاں پر بتایا گیا ہے اب اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ متاثرہ شخص کی والدہ دولت بی بی اور بہنوئی محمد اعظم کا موقف ہے کہ پیر انوار کے حکم پر محمد نواز نے گلے پر چھری نہیں چلائی بلکہ وہ اپنی مرض سے تنگ آکر ایسا کرنے پر مجبور ہوا اور نام نہاد صحافیوں نے اس بات کو غلط رنگ دے کر سارا معاملہ پیر پر ڈال دیا۔ اس سلسلہ میں جب متعلقہ تھانہ رجوعہ کے ایس ایچ او ظفر اللہ خان نیازی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ واقعہ کا کسی مقامی پیر سے کوئی تعلق نہ ہے زخمی محمد نواز عرصہ دراز سے ذہنی مریض ہے۔ اس ضمن میں بعض ذرائع دعویٰ کرتے رہے کہ 45 سالہ نواز نے اپنے پیر کے کہنے پر اپنی گردوں پر چھری چلائی تھی۔