پیمرا نے ٹی وی چینلز پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی، خودکشی کے مناظر دکھانے پر پابندی لگا دی خلاف ورزی پر چینل بند کردیا جائیگا: چیئرمین
اسلام آباد(آن لائن) پیمرا نے ٹی وی چینلز پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ، شخصی وقار کو مجروح اور خود کشی کے مناظر دکھانے پر پابندی لگادی ہے۔ ان قوانین کی پابندی نہ کرنے والے ٹی وی چینل کو بند کردیاجائیگا ۔ ان خیالات کااظہار چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے پریس کانفرنس میں کیا ۔ چیئرمین پیمرا نے کہا کہ ٹی وی چینلز کو خود کشی کے ڈرامائی مناظر، ڈانس اور پروگرام دکھانے پر پابندی لگا دی گئی ہے، ٹی وی چینلز پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرائم شوز اتنے آگے چلے گئے ہیں کہ پابندی لگانا پڑ رہی ہے۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور رمضان شریف کے تقدس کو یقینی بنانے کیلئے ایسے پروگرامز نہ کئے جائیں جن میں متاثرہ شخص کی تصویر اور انٹرویوز جاری ہوں، اس میں کسی کے شخصی وقار کو آنچ آئے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی ڈرامائی تشکیل والے پروگرام پر یکم رمضان سے پابندی لگائی جائے گی۔