کراچی: فائرنگ کے واقعات، ایم کیو ایم کے 2 کارکن جاں بحق
کراچی (آئی این پی) کراچی فائرنگ کے مختلف واقعات میں متحدہ کے 2 کارکن جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔کراچی کے علاقے ملیر سعودآباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ دونوں کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔ ملیر سعودآباد میں دو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے اسلام الدین نامی شخص کو جاں بحق جبکہ دوسرا کامران زخمی ہو گیا۔ مرنیوالے اور زخمی شخص کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دو سری جانب کھوکھرا پار کے علاقے میں نا معلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ کھوکھرا پار تھانے کی حدود مدینہ کالونی میں رات گئے نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت فہد کے نام سے ہوئی دونوں کا تعلق ایم کیو ایم سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن فہد ذکی کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے متحدہ رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ شہر میں دہشت پھیلائی جا رہی ہے تاکہ لوگ ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈالنے نہ نکلیں۔ لانڈھی کورنگی میں حقیقی دہشت گردوں کا راج ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کراچی کے امن کا کریڈٹ لیتے دیر نہیں کرتے۔ کارکن فہد کا قتل کراچی کے امن پر سوالیہ نشان ہے۔ دوسری طرف ترجمان رینجرز نے کہا ہے کہ لانڈھی 6 نمبر میں کارروائی میں اسلحہ کا ذخیرہ برآمد کر لیا۔ اسلحہ کراچی میں بے امنی پھیلانے کیلئے چھپایا گیا تھا۔ برآمد اسلحہ میں 7 ایم ایم رائفلز، 3 اینٹی کرافٹ گنز اور ایس ایم جی شامل ہیں۔