سرچ آپریشن جاری، فیصل آباد 40، اسلام آباد، ژوب میں 10 مشتبہ افراد گرفتار
فیصل آباد + اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + آئی این پی) سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 40 سے زائد مشکوک افراد حراست میں لئے گئے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز نے ایلیٹ فورس کے ہمراہ فیصل آبا دشہر کے19 اہم مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا ، دوران سرچ آپریشن شہر کے مختلف حصوں سے 127 افراد سے تفتیش کی گئی ان میں سے87 افراد کی بذریعہ بائیو میٹرک ویریفکیشن بھی کی گئی جن میں 40 افراد کو زیر حراست لے لیا گیا ۔ ملزمان کے قبضہ سے تقریباً 50 لیٹر شراب اور 100 لیٹر لہن بھی برآمد ہوئی۔ ادھر اسلام آباد اور ژوب میں حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ اس دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران 2بارہ بور گنیں، ایک تیس بور پسٹل 2 میگزینیں تین موٹر سائیکل اور ایمونیشن برآمد ہوئیں۔ سرچ آپریشن کے دوران 100 گھروں اور دکانوں کو چیک کیا گیا۔ دریں اثناء خفیہ اطلاع موصول ہونے پر ایف سی اور حساس اداروں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے گْل کچھ میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں دہشت گردی غرض سے جمع کیا گیا اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ایف سی حکام کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحے میں 6 ایس ایم جیز، 8 پستول، 17 دستی بم، چودہ میگزین سمیت سینکڑوں گولیاں اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا ہے۔