• news

سنٹرل ڈویلپمنٹ پارٹی کا اجلاس، 47.8 ارب کے مختلف منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 47.8ارب کے تعلیم، مواصلات، زراعت اور ماس میڈیا کے شعبہ میں مختلف منصوبوں کی منظوری دے دی، 37 ارب کے 2منصوبوں کو ایکنک کو ریفر کر دیا۔ جمعہ کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی صدارت میں اس حوالے سے اجلاس ہوا جس میں پانی کے منصوبوں میں بلوچستان کیلئے 27,113 ملین کا منصوبہ شامل کیا گیا، سندھ ریزیلنس منصوبہ زراعت اور سیلاب کو روکنے کیلئے 9.9 ارب کا منصوبہ، اٹک کو چکوال سے ملانے والے دریائے سواں پر پل کی تعمیر کے 29 ارب کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ بلوچستان یونیورسٹی کیلئے 144ملین اور 28.8ملین کے 2منصوبے منظور کئے گئے، مختلف ممالک سے 2طرفہ سمجھوتے کے تحت تعلیم اور تحقیق کے روابط کیلئے 44.8ارب کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا، صنعتوں سے روابط کیلئے ٹیکنالوجی پارک اور ٹیکنالوجی انکیویٹر کیلئے 288ملین جبکہ دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کیلئے 579 ملین منظور کئے گئے، سردار بہادر خان یونیورسٹی میں پروفیشنل سکول کی تعمیر کیلئے 408ملین اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید سسٹمز اور پارک کیلئے 2.9ارب کی منظوری دی گئی، زراعت کے شعبہ میں منصوبے کیلئے 582 ملین جبکہ ماس میڈیا منصوبے کیلئے 100ملین کی منظوری دی گئی جس کے تحت پاکستان چین فرینڈلی ایکسچینج پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا، رورل اکانومی کے منصوبے کیلئے 1.1 ارب کی بھی منظوری دی گئی، ضلع مانسہرہ میں سیراں رائٹ بنک کنال کیلئے 2850ملین کی بھی منظوری دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن