• news

کراچی : موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ‘ ڈیوٹی پر مامور دو ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق

کراچی (نمائندہ نوائے وقت) شہر قائد میں ٹریفک پولیس اہلکار ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں کے نشانہ پر آگئے ہیں۔ عائشہ منزل کے قریب فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب 2 ٹریفک پولیس ڈیوٹی پر مامور تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ان اہلکاروں کی شناخت اکرم اور شکیل کے ناموں سے ہوئی۔ ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے کہا کہ حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کے سر اور سینے پر اندھادھند گولیاں برسائیں۔ دہشت گردوں کا تعلق اسی گروہ سے معلوم ہوتا ہے جنہوں نے کچھ عرصہ قبل اورنگی ٹان میں 7 پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری عائشہ منزل کے علاقے میں پہنچ گئی اور حملہ آوروں کو پکڑنے کےلئے سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جو واٹر پمپ کے قریب ایک عمارت میں موجود تھے۔ انکے استعمال میں ایک کمپیوٹر برآمد کرلیا گیا۔ پولیس نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔ دوسری طرف ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام اہلکاروں کو سختی سے تاکید کی ہے کہ وہ دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس لازمی پہنیں۔ ایس ایس پی راجہ عمرخطاب کے مطابق گزشتہ 5 ماہ کے دوران کراچی میں اسطرح قتل ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی تعداد 16 ہوگئی ہے، سب کے سروں میں گولیاں ماری گئیں۔
ٹریفک اہلکار

ای پیپر-دی نیشن