باجوڑ میں جھڑپ لیویز اہلکار شہید : لکی مروت‘ خاتون سمیت دو افراد قتل‘ دو اغواء
باجوڑ + لکی مروت (نوائے وقت رپورٹ+آن لائن+آئی این پی) باجوڑ ایجنسی کے علاقے لفڑئی میں فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید ہو گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جوابی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہو گیا۔ قبل ازیں باجوڑ ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ لکی مروت میں فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے اور 2 کو اغوا کرلیا گیا۔ ناواگئی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکار چشمے سے پانی بھر کر واپس جا رہے تھے گاڑی بارودی سرنگ کیساتھ ٹکرانے سے دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دوسری جانب لکی مروت کے علاقے سگئی میں سکیورٹی فورسز کی جعلی وردی میں ملبوس مسلح افراد کا گھر پر حملہ‘ فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور دو افراد کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔ بی بی سی کے مطابق مروت میں پیش آنے والا یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقع ہے۔ پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی وردی میں ملبوس 20 سے 25 افراد نے تجوڑی میں سگئی کے مقام پر ایک مکان کو گھیرے میں لیا اور ایسا تاثر دیا جیسے سکیورٹی اہلکار سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے ایک مکان میں گھس کر وہاں مکینوں کے شناختی کارڈ دیکھے اور اس کے بعد فائرنگ کرکے ایک خاتون سمیت دو افراد کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی اور دو افراد کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔ اطلاعات ہیں کہ گاو¿ں کے لوگوں نے مسلح افراد کا پیچھا کیا اور ایک شخص کو پکڑ لیا جس کے بعد دونوں مغویوں کو بازیاب کرا لیا گیا لیکن سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔پولیس اہلکار نے بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے قبائلی علاقے بکا خیل سے دو خواتین کو اغوا کرکے یہاں لکی مروت لایا گیا تھا جن سے دو مقامی افراد نے ا±ن سے شادی کر لی تھی۔ ہلاک اور زخمی ہو نے والی خواتین وہی تھیں جنھیں قبائلی علاقے سے یہاں لایاگیا تھا۔ اس کے علاوہ لکی مروت کی تحصیل نورنگ میں مسجد کے قریب ایک دھماکے سے ایک بچہ معمولی زخمی ہوا ہے۔ ادھر صوابی میں پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ شدت پسند ایک مکان میں روپوش ہیں جہاں چھاپا مارنے پر شدت پسندوں نے پولیس پر حملہ کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو شدت پسند ہلاک ہوئے اور ایک سپاہی زخمی ہوا ہے۔