سیشن کورٹ نے تھانوں میں پنسل کے استعمال پر پابندی لگا دی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن کورٹ نے تھانوں میں کچی پنسل سے روزنامچے کے اندراج پر پابندی لگا دی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ نے ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کو تھانوں کے روزنامچوں میں کچی پنسل کا استعمال روکنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں کیونکہ بعض افسر اسکا غلط استعمال کررہے ہیں۔ تمام تھانوں کی ااپولیس کو حکم جاری کیا جائے کہ روزنامچے میں اندراج کیلئے بال پوائنٹ استعمال کیا جائے تاکہ لکھنے کے بعد حرف مٹایا نہ جاسکے۔ سیشن جج کے علم میں عدالتی بیلف کی طرف سے یہ بات لائی گئی تھی کہ بعض تھانوں میں پولیس اہلکار کئی کئی روز ملزموں کو بغیر گرفتاری ڈالے بند رکھتے ہیں۔ روزنامچے میں کچی پنسل سے گرفتاری ڈال دی جاتی ہے تاکہ بیلف سے بچا جا سکے۔