وفاقی بجٹ خسارے کا ہوگا‘ حجم 4500 ارب‘ ترقیاتی منصوبوں کیلئے 900 ارب کی تجویز
کراچی (کامرس رپورٹر) آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 3 جون کو پیش کیا جائیگا، وفاقی بجٹ کے کل حجم کا تخمینہ 4500 ارب روپے، سود کی ادائیگیوں پر 1460 اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے 900 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دینا شروع کردی۔ وفاقی سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے بجٹ کے حجم پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بریفنگ دی۔ وفاقی حکومت کے جاری اخراجات 3600 ارب روپے مختص کئے جائیں گے ۔ سود ادائیگیوں کیلئے 1460 ارب جبکہ سرکاری ملازمین کی پینشن کیلئے 250 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال کیلئے دفاعی بجٹ کیلئے 870 ارب روپے مختص کئے جانے کی تجویز ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دفاعی بجٹ 900 ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔ 2016-17ء کے دوران صوبوں کو گرانٹس اور ترقیاتی قرضوں کی مد میں 450 ارب روپے جاری کئے جائیں گے جبکہ سبسڈیز کیلئے 169 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ سول حکومت کے اخراجات کیلئے 400 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ وفاقی ترقیاتی اخراجات کیلئے اگلے مالی سال کیلئے 900 ارب روپے مختص کئے جانے امکان ہے جس میں زیادہ تر منصوبے انفراسٹرکچر اور توانائی کے ہوسکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی خسارے کا بجٹ ہوگا۔