کچھ لوگ پانامہ لیکس پر شور مچا کرخود بچنا چاہتے ہیں، سسٹم ڈی ریل نہیں ہونے دینگے: غفور حیدری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سیکرٹری جنرل اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ ہم کسی شخص کو نہیں بلکہ آئین اور سسٹم کو بچانے نکلے ہیں اس سسٹم کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، کچھ لوگ پانامہ لیکس پر شور مچا کر خود بچنا چاہتے ہیں۔ لوگوں نے اربوں روپے کے قرضے ہڑپ کئے۔ جمعیت علماء کے لوگوں ایک دمڑی لی نہ قرضہ معاف کروایا، الزام کی بنیاد پر کسی سے استعفے کا مطالبہ نہیں کریں گے لیکن اگر جرم ثابت ہو جائے تو سب سے پہلے استعفے کا مطالبہ جے یو آئی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں مرحوم مولانا اجمل خان کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے ساجد میر، پیر اعجاز ہاشمی، لیاقت بلوچ، مولانا امجد خان، مولانا زاہدالراشدی، مولانا الیاس چنیوٹی، پروفیسر طاہر رزاق، مفتی عزیز الرحمان، افضل خان، قاری امجد سعید، پروفیسر ابوبکر چودھری، مولانا عابد، حافظ عبدالواحد، قاری طیب، حافظ قاسم گجر، شیخ زاہد، حا فظ افتخار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم اسمبلیوں میں تنخواہیں لینے کے لئے نہیں بلکہ ناموس رسالت قانون کے تحفظ اور اسلامی اقدار کے تحفظ کی چوکیداری کے لئے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ناموس رسالت کے قانون میں کوئی ترمیم لانے کی کوشش کی گئی تو ہم عہدوں کو چھوڑ کر باہر ہوں گے اور عوام ایسی اسمبلیوں کو رہنے بھی نہیں دیں گے، اگر کسی پر کرپشن ثابت ہو جائے اسے کال کوٹھری کا مہمان ہونا چاہیے تاکہ وہ عبرت کا نشان بن جائے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ مولانا اجمل خان عالم باعمل اور سچے عاشق رسول تھے۔ انہوں نے کہا کہ دینی قوتوں کی موجودگی میں کوئی پاکستان کو سیکولر ریاست نہیں بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت مولانا مرحوم اور دیگر اکابرین کے مشن اتحاد امت پر عمل پیرا ہے لیکن اسے مزید فعال ہو نا چاہیے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مولانا اجمل خان اتحاد امت کے داعی تھے اور مولانا شاہ احمد نورانی دینی قوتوں کے اتحاد کے لئے آپ ہی سے رابطہ کرتے تھے انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم نے ہر آمریت کا بڑی جرأت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق نے مارشل لاء لگا کر قومی اتحاد توڑا تو نئے اتحاد میں بنیادی کردار مولانا شاہ احمد نورانی کے ساتھ مولانا اجمل خان نے ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دینی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے اس کی قیادت کریں تاکہ مولانا مرحوم اور دیگر اکابرین کا مشن آگے بڑھ سکے۔ جماعت اسلامی کے جنرل سیکر ٹری لیا قت بلوچ نے کہا کہ مولانا اجمل خان نے ہمیشہ دینی قوتو ں کے اتحاد کے لئے کوششیں کیں ان کی محنتوں کے نتیجے میں ایک نسل دین کے لئے ہر قربانی ہر وقت دینے کے لیئے تیار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو لادین ریاست بنانے کے کسی کے بھی خواب کبھی شرمندہ تعمیر نہیں ہوں گے اور دینی قوتیں ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کریں گی۔ جے یو آئی کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل مولانا امجد خان نے کہا کہ مولانا احمد علی لاہوری، مولانا درخواستی، مولانا مفتی محمود، مولانا غلام غوث ہزاروی، مولانا اجمل خان نے پاکستان میں نظریاتی سیاست کو فروغ دیا۔ انہی اکابرین کے وارث پاکستان میں اسلام کے نفاذ کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بیرونی ثقافت کو ملک میں لانے کی ہر سازش کا مقابلہ کرے گی۔