قصور: ’’موبائل فون پر لمبی باتیں‘‘ بیٹی کے سر میں ڈنڈا مار کر قتل کر دیا
قصور (نمائندہ نوائے وقت) موبائل فون پر بات کرنے سے منع نہ ہونے پر سر میں ڈنڈا مار کر باپ نے جوان بیٹی کو قتل کر دیا جبکہ خاوند نے گھریلو ناچاقی پر چھریوں کے وار کرکے اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقے جمبرکلاں میں عباس علی کی 16 سالہ بیٹی الفت بی بی موبائل فون پر کسی سے لمبی باتیں کرتی تھی گزشتہ روز عباس علی نے اسے منع کیا تو اُلفت بی بی نے انکار کر دیا جس پر عباس علی نے طیش میں آکر الفت کے سر پر ڈنڈا مار دیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ پولیس تھا نہ صدر پھولنگر نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔علاوہ ازیں جمبر گلشن اڈا میںخاوند نے گھریلو ناچاقی پر چھریوں کے وار کرکے اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔ گائوں کے رہائشی مرالی کا اپنی بیوی صغریٰ بی بی کیساتھ گھریلو جھگڑا چلا آرہا تھا جس پر مرالی نے صغریٰ بی بی کو چھریوں کے پہ در پہ وار کرکے قتل کر دیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے ۔