• news

کراچی: دہشتگردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز کی بھی شرکت

کراچی (کرائم رپورٹر) عائشہ منزل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ٹریفک پولیس اہلکاروں محمد اکرم اور شکیل کی نماز جنازہ اتوار کو گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر میں ادا کردی گئی جب کہ دونوں پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی پولیس گارڈن نے درج کرلیا۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کے ایس او ساجد شیخ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔ دونوں پولیس اہلکاروں جنہیں ہفتے کی دوپہر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا کی نماز جنازہ میں آئی جی پولیس سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ کے علاوہ دیگر سینئر پولیس افسروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی او ر ملزموں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن