پنجگور ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، رانی پور میں ٹریفک حادثات،18 افراد جاں بحق،39 زخمی
پنجگور/ قصور/ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) پنجگور، قصور، گوجرانوالہ،گجرات، رانی پور اور جہانیاں میں گذشتہ روز مختلف ٹریفک حادثات میں 18 افراد جاں بحق جبکہ 39 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے پنجگور میں مسافر کوچ الٹنے سے ڈرائیور سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق حادثہ پنجگور کے علاقے ناگ سرچمگ میں اس وقت پیش آیا جب کراچی سے پنجگور آنے والی باراتیوں کی مسافر کوچ تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی۔ جاں بحق اور زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ نعشوں اور زخمیوں کو پنجگور ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 15 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ کوچ کراچی سے پنجگور آرہی تھی ناگ سرچمگ کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوگئی۔ ادھر رانی پور میں قومی شاہراہ شاہ جی مشین کے قریب دو بسوں میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جہانیاں میں بائی پاس چوک پر تیز رفتار بس رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر دکان میں گھس گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق تیز رفتار گاڑی ڈیوائیڈر سے جاٹکرائی دو خواتین جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت دو زخمی ہوگئے۔ وزیر آباد کے علاقہ بھروکی چیمہ کی رہائشی فیملی اسلام آباد سے لاہور آرہی تھی کہ شاہین چوک کے قریب انکی گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ثمینہ بی بی، سلمیٰ بی بی موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ ڈرائیور ہارون رشید اور مدیحہ بی بی زخمی ہوگئے۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق قصور کھڈیاں روڈ ڈھنگ شاہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں دو افراد دم توڑ گئے۔ الہ آباد کی جانب سے قصور آنیوالا ٹرک مخالف سمت سے آنیوالے رکشہ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں دو افراد رفیق اور خورشید موقع پر ہی چل بسے جبکہ رکشہ میں سوار دیگر چار مسافر شدید زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں رفیق ہمت پورہ اور خورشید کوٹ رادھا کشن کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ٹریفک حادثہ میں میاں بیوی بیٹی سمیت جاںبحق ہو گئے۔ قلعہ دیدار سنگھ کے قریب ٹرک نے پیروکوٹ کے رہائشی امان اللہ اسکی بیوی منزہ اور 15 سالہ بیٹی کرن کو کچل ڈالا۔ تینوں موٹر سائیکل پر جا رہے تھے۔