سرچ آپریشن جاری‘ لاہور‘ پشاور‘ شیخوپورہ‘ نارنگ میں 140مشتبہ افراد گرفتار
پشاور+ لاہور (نوائے وقت نیوز+ نامہ نگار+ نمائندگان) سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور لاہور‘ پشاور‘ شیخوپورہ اور نارنگ منڈی سے 140مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پشاور میں پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 100 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن کے قبضہ سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشن پھندو‘ گلبہار اور اندرون شہر مختلف علاقوں میں کیا گیا۔ گرفتار ہونیوالوں میں 6 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سر چ آپر یشن کے دوران 2 افغان باشندوں سمیت 28 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شر وع کردی ہے۔ علامہ اقبال ٹاون، گرین ٹاؤن، ٹاون شپ، فیصل ٹاؤن، مزنگ، ہربنس پورہ، راوی روڈ، شفیق آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 22 مشکوک افراد کو نامکمل کوائف ہو نے پر حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں اور گیسٹ ہا ؤسزمیں قیام کرنے والوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا ہے۔ گوالمنڈی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 2 افغان باشندوں سمیت 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق پولیس اور خفیہ اداروں نے میاں علی ڈوگراں‘ سالار بھٹیاں‘ بلخے‘ چاہ چندو‘ نظام پورہ‘ ڈھامکے میں سرچ آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرکے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ ادھر نارنگ منڈی کے علاقہ ڈالہ واہگہ میں سرچ آپریشن کے دوران 3 افراد کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ اور گولیاں برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے، ان افراد میں عمران‘ سلیمان اور فریاد شامل ہیں۔