ساہیوال: فائرنگ سے 2 افراد قتل، ایک کے ورثا کا میت سڑک پر رکھ کر احتجاج
ساہیوال (نامہ نگار) مسلم بن عقیل کالونی میں فائرنگ سے 2 افراد قتل‘ ایک مقتول کے ورثاء کا ملزمان کی عدم گرفتاری پر پولیس کے خلاف میت جی ٹی روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج‘ تفصیلات کے مطابق مسلم بن عقیل کالونی گلی نمبر 4 میں رانا انور اور بانو بی بی کے درمیان سابقہ مقدمہ بازی چل رہی ہے۔گزشتہ رات اندھا دھند فائرنگ کے باعث علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور فائرنگ کے نتیجہ میں 82/6-Rکا رہائشی راہگیر عثمان اور مسلم بن عقیل کالونی کا رہائشی رانا اسرار قتل ہوئے جبکہ 12سالہ وقاص ‘ 16سالہ محمد عمر ‘23 سالہ عامر سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔ مقتول رانا اسرار کے ورثاء نے گزشتہ صبح سرکٹ ہائوس کے قریب جی ٹی روڈ پر میت رکھ کر شدید احتجاج کیا اور ایس ایچ او تھانہ فتح شیر ظہور پراچہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او ملزمان کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور ایس ایچ او کی معطلی کا مطالبہ کیا ہے۔ جی ٹی روڈ بلاک ہونے پر ایس ایچ او تھانہ غلہ منڈی رانا افتخار احمد بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں بتایا کہ ملزمان رمضان اور شہزاد گرفتارکر لئے ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ مذکورہ افسر نے مظاہرین کو دیگر ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔ پولیس نے قتل کے الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔