نیب نے ڈاکٹر عاصم کی کروڑوں روپے کی جائیداد منجمد کرنے کا فیصلہ کرلیا، سندھ حکومت کو خط
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار) نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین کی کروڑوں روپے کی جائیداد منجمند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر عاصم کی جانب سے جائیداد بیٹے کے نام منتقلی کی کوشش پر فیصلہ کیا گیا ہے۔ کراچی کے ضلع جنوبی میں ڈاکٹر عاصم کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد ہے۔ ڈاکٹر عاصم کے نام پر مختلف فلیٹ، پلاٹ اور دوکانیں ہیں۔ نیب ضلع کورنگی میں واقع 23 ایکٹر زرعی زمین بھی منجمند کرنا چاہتی ہے۔ جائیداد منجمند کرنے کا فیصلہ 462 ارب کرپشن کیس میں کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کیس کے فیصلے تک جائیداد فروخت یا منتقل نہیں کرسکیں گے۔ نیب نے اثاثے منجمند کرنے کیلئے سندھ حکومت کو خط لکھ دیا۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عاصم مقدمے میں پولیس تفتیش میں رینجرز کی مداخلت سے متعلق درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے۔ گذشتہ روز سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عاصم کے مقدمے کی تفتیش میں رینجرز کی مداخلت کے معاملہ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم کی والدہ اعجاز فاطمہ نے عدالت کو بتایا کہ دہشت گردوں کے علاج کے مقدمے میں رینجرز مداخلت کررہی ہے۔