جمہوریت کے ”شریف ماڈل“ نے قوم کو پانامہ لیکس کے تحفے دیئے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے ”شریف ماڈل “ نے قوم کو پانامہ لیکس کے تحفے دئےے، عالمی مد و جذر سے بے خبر کرپٹ حکمران اپنا تخت بچانے کی جنگ تک محدود ہیں، انکا اقتدار میں مزید رہنا ملک و قوم کےلئے نقصان دہ ہے۔ عالمی سیاست پر نظر رکھنے اور اسے پاکستان کے مفاد سے ہم آہنگ کرنے کےلئے حقیقی مینڈیٹ والی عوامی قیادت ناگزیر ہے۔ گذشتہ روز سنیئر رہنماﺅں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تبدیلی کا عمل شروع ہو چکا، عوام کرپشن زدہ ظالم نظام سے نجات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس 18محکموں کا قلمدان ہے اور وہی پنجاب میں 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے بھی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ،لوڈشیڈنگ کم کرنے کے حوالے سے جتنے بھی دعوے کئے گئے سب جھوٹ ثابت ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا کی کسی اور جمہوریت میں ایسی مثال نہیں کہ ایک شخص کے پاس 18وزارتیں ہوں۔ ون مین شو کی وجہ سے آج ہر طرف بربادی ہے، کسان، اساتذہ، ڈاکٹرز، مزدور سب سڑکوں پر ہیں۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے کسانوں کے حوالے سے کہاکہ عوامی تحریک کسانوں کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے ،حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسیاں انہیں کھیتوں سے نکال کر سڑکوں پر لے آئیں اور کسان اپنی فصلیں جلانے پر مجبور ہوئے۔ کسانوں کےلئے 342ارب کا نام نہاد پیکج دینے والے بتائیں کسان سراپا احتجاج کیوں ہیں۔
طاہرالقادری