• news

سری لنکا: سیلاب اورلینڈسلائیڈنگ سے ہلاکتیں92ہوگئیں‘پاکستان سے امداد پہنچ گئی

کولمبو(آئی این پی) سری لنکا میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 92ہو گئی جبکہ 100 افراد تاحال لاپتہ ہیں ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں گزشتہ کئی روز سے جاری تیز بارشوں ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی ، ایمرجنسی سروس کے مطابق قدرتی آفت کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 92 ہو گئی، جبکہ 100 افراد تاحال ملبے تلے دبے ہیں ، سڑکیں اور مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا ۔کولمبو شہر میں پانچ روز بعد بھی معمولات زندگی درہم برہم ہیں، خوراک ، پینے کا پانی اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے گزشتہ روز مزید نعشیں نکال لی ہیں۔سیلاب اور بارشوں کے باعث پانچ لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ، متاثرہ افراد کو ادویات اور خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے ۔ ریسکیو اہلکار لوگوں کی مدد میں مصروف ہیں۔فوج اور ریسکیو اہلکار کشتیوں کی مدد سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔دوسری طرف پاکستان کی طرف سے متاثرہ افراد کیلئے بھجوائی گئی امداد بھی پہنچ گئی ہے ۔وزیراعظم نوازشریف نے سری لنکا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن