افغانستان: ڈرون حملہ، جھڑپیں،21 ہلاک: سپیشل فورسز کا آپریشن، طالبان کی جیل سے60 قیدی بازیاب
کابل (نیٹ نیوز + این این آئی) افغانستان میں امریکی ڈرون حملے اور جھڑپوں میں 21 جنگجو ہلاک اورمتعدد زخمی ہو گئے‘ جبکہ ہلمند میں طالبان کی جیل سے 60 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا‘ ہرات کے گورنر کی رہائش گاہ کے قریب اور فرح میں بم دھماکوں کے نتیجے میں بارڈر گارڈز کا کمانڈر اور ان کا محافظ مارا گیا۔ پیرکو افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز شمالی صوبہ قندوز میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت ہوئی ہے‘ حملے کے مقام اور مرنے والے افراد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ادھر صوبہ ہرات کے گورنر کی رہائش گاہ کے قریب ایک دھماکے میں 7 افراد زخمی ہو گئے‘ زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیںدوسری جانب افغان حکام نے صوبہ ہلمند میں طالبان کی جیل سے 60 افراد کو بازیاب کرا لیا اور قندھار منتقل کر دیا‘ اس دوران جھڑپ میں 8 طالبان ہلاک ہو گئے۔ یہ جیل مرجا ضلع میں قائم کی گئی تھی اوران میں میں سیکورٹی اہلکاروں سمیت متعدد شہریوں کو محبوس رکھا گیا تھا مغربی صوبہ فرح میں ایک دھماکہ کے نتیجے میں بارڈرگارڈز کا کمانڈر اور ان کا محافظ ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ ضلع جوئین کے علاقہ میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق کمانڈر کی گاڑی بارودی سرنگ کی زد میں آنے سے زوردار دھماکہ ہوا۔ جیل کا کنٹرول طالبان کمانڈر ملا منان کے پاس تھا۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا منان نہیں پکڑا گیا‘ افغان سپیشل فورسز کے اہلکاروں کی نیٹو نے بھی معاونت کی۔