• news

بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیرکے ضلع کٹھوعہ میں نئی تنصیبات قائم کرنے کا فیصلہ

جموں(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ضلع کٹھوعہ میںمزید فوجی تنصیبات قائم کرنے کیلئے کٹھ پتلی حکومت سے زمین فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ تنصیبات دفاعی نکتہ نگاہ سے اہم 133کلو میٹر طویل ادہم پور دھار سڑک کے قریب قائم کی جائیں گی۔ ادہم پور اور بھارتی پنجاب کے علاقے دھار کو ملانے والی یہ سڑک نہ صرف جموں پٹھانکوٹ سڑک کا متبادل فراہم کرتی ہے بلکہ ادہم پورمیں مقیم بھارتی فوج کی ناردن کمانڈاور ویسٹرن سیکٹر کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔ بھارتی فوج کے ویسٹرن کمانڈر لیفٹنٹ جنرل کے جے سنگھ نے گزشتہ روز سانبا میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پرصحافیوں کو بتایا کہ دھار روڈکی اہمیت کے پیش نظر فوج اس سڑک کے قریب اہم تنصیبات کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے۔ ویسٹرن کمانڈ جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے علاوہ پٹھانکوٹ کو بھی کنٹرو ل کرتی ہے۔کور کمانڈرنے کہاکہ مصروف ترین جموں پٹھانکوٹ شاہراہ چونکہ بین الاقوامی سرحد کے قریب ہے اور اس پر ماضی قریب میں کئی حملے ہو چکے ہیں۔ کٹھوعہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ کٹھ پتلی حکومت نے ضلع انتظامیہ کو فوج کی ضروریات کے مطابق اراضی کی نشاندہی کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سردست اس بات کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ بھارتی فوج کو کتنی زمین درکار ہوگی تاہم زمین کی نشاندہی کا عمل جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن