• news

جنرل راحیل سے وزیر دفاع مالدیپ‘ جمہوریہ چیک کے فوجی سربراہ کی ملاقاتیں

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ایجنسیاں) مالدیپ کے وزیر دفاع آدم شریف عمر اور چیک ری پبلک کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل جوزف بیکوار نے منگل کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جی ایچ کیو میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران علاقائی سکیورٹی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ مالدیپ کے وزیر دفاع نے دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا ۔ قبل ازیں مالدیپ کے وزیر دفاع نے جی ایچ کیو آمد پر یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور ضرب عضب آپریشن میں جانیں قربان کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جنرل جوزف بیکوار کی ملاقات میں اور علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا مہمان جنرل نے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ مالدیپ کے وزیر دفاع آدم شریف عمر نے خواجہ آصف سے بھی ملاقات کی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا دونوں رہنمائوں نے انسداد دہشتگردی اور مالدیپ کے فوجی افسروں کی تربیت سے متعلق امور پر گفتگو کی۔ علاوہ ازیں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عالم خٹک نے جنرل جوزف بیکیور سے ملاقات کی جس میں دفاعی شعبے میں مارچ 2010ء کی تعاون کی یاد داشت پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا سیکرٹری دفاع نے کہا کہ تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیتی امور میں چیک ری پبلک کو تعاون فراہم کر سکتے ہیں پاکستان کی دفاعی صنعت عالمی معیار کے دفاعی آلات تیار کر رہی ہے چیک ری پبک کے ساتھ دفاعی صنعتی تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن