• news

جمہوریت کو خطرہ ہوا تو نواز، زرداری ملاقات ہو سکتی ہے: مولا بخش چانڈیو

حیدر آباد (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نواز شریف کے ساتھ ہیں کوئی بھی معجزہ دکھا سکتے ہیں‘ جمہوریت کو خطرہ ہوا تو آصف علی زرداری اور نواز شریف کی ملاقات ہو سکتی ہے۔ وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا سیاست میں کسی کیلئے دروازے بند نہیں کئے اور نہ ہی آصف علی زرداری نے کبھی نواز شریف کے خلاف بات کی تاہم مسلم لیگ (ن) کے وزراء اور مشیر اپوزیشن کو طیش دلانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہمارا ادارہ ہے جو مشکل حالات میں عوام کی خدمت کرتا ہے لیکن کچھ لوگ فوج کو اقتدار میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ آصف علی زرداری اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا آصف علی زرداری نے اگر محسوس کیا کہ جمہوریت کو خطرہ ہے تو پھر شاید ملاقات ہو جائے، اب تو مولانا فضل الرحمن بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں، ہو سکتا ہے کہ ان کا اپنا کوئی معجزہ ہو جائے۔ حالیہ معاملے پر پیپلز پارٹی کو کردار ادا کرنے کیلئے کہا گیا ہے، پیپلز پارٹی کا مثبت کردار (ن) لیگ کے تکبر کی شکست ہے۔

ای پیپر-دی نیشن