چین نے ہر مشکل میں ساتھ نبھایا‘ شہباز شریف: سفیر سے ملاقات
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں صوبائی بجٹ 2016-17 کے اہم خدو خال اور ترجیحات کے تعین کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور مستحکم معیشت کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔ بہترین انفراسٹرکچر معاشی وتجارتی سرگرمیوںکے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے،یہی وجہ ہے کہ دیہی علاقوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام پر انتہائی تیزی سے عملدر آمد کیا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت کا آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار اور صوبے کی پائیدار ترقی کا پیش خیمہ ہوگا۔ تعلیم، صحت، زراعت سمیت سماجی شعبوں اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ کفایت شعاری کی پالیسی جاری رہے گی اور اس پالیسی کے ذریعے حاصل کیے گئے اضافی وسائل عوام کو ریلیف کی فراہمی کے پروگراموں پر صرف کیے جائیں گے۔ پینے کا صاف پانی پر ہر شہری کا حق ہے اور پنجاب حکومت یہ حق انہیں ہر قیمت پر دے گی۔ ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے ایک مثال قائم کی گئی ہے، اسی پالیسی کو آگے بڑھائینگے۔ وسائل عوام کی امانت ہیں، ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آڈٹ کے نظام کو انتہائی موثر بنانے کی ضرورت ہے اوراس ضمن میں پنجاب آڈٹ اتھارٹی کے قیام کا جائزہ لیا جائے اوراس ضمن میںقواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر فوری طورپر اقدامات کیے جائیں۔ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ اسلام آباد میں اجلاس کے دوران شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگاواٹ کے بجلی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے بڑی حد تک لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ بجلی کے ان منصوبوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے کوشاں اور پرعزم ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ قوم کو توانائی کے بحران سے نکال کر ہی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اسلام آباد میں چینی سفارتخانے گئے اور پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کو پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے 65 برس مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کو دو طرفہ دوستی اور تعلقات پر ناز ہے۔