ملا یعقوب، سراج الدین حقانی کا انکار، طالبان شوریٰ کو قیادت کے انتخاب میں مشکلات
کابل (اے ایف پی) تحریک طالبان کو ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد نئے امیر کے انتخاب میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مشکلات میں ملا یعقوب اور سراج الدین حقانی کی طرف سے ذاتی وجوہات کی بنا پر امیر بننے سے معذرت کے بعد مزید اضافہ ہوا ہے اور طالبان کی رہبر شوریٰ کو اس حوالے سے مزید غور کرنا پڑ رہا ہے۔ طالبان ذرائع کے مطابق شوریٰ کا اجلاس ہر بار جگہ تبدیل کرکے ہو رہا ہے تاکہ فضائی حملے سے بچا جا سکے اس لئے امیر کے انتخاب میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ دو بڑے رہنمائوں کے انکار کے بعد طالبان میں مزید دھڑے بننے کا بھی خدشہ ہے۔ اس وقت امیر کے لئے ملا عبدالغنی برادر اور ملا عبدالقیوم ذاکر کے نام زیر غور ہیں۔ ملا برادر کو 2013ء میں پاکستان کی جیل سے رہائی ملی تھی اور انہیں پاک فوج کے قریب سمجھا جاتا ہے جبکہ ملا عبدالقیوم ذاکر ایک دوسرے شدت پسند گروپ کے لیڈر سمجھے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ملا عمر کی وفات کے بعد بھی ملا اختر منصور کی قیادت کے حوالے سے بھی طالبان میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔