نیب نے پرویز اشرف کو طلب کرلیا، ناسازی طبع کے باعث نہیں آسکتا: سابق وزیراعظم
لاہور (صباح نیوز) نیب لاہور نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے تاہم راجہ پرویز اشرف نے نیب کے سامنے ناسازی طبع کی بنیاد پر فوری طور پر پیش ہونے سے معذرت کی ہے۔ نیب لاہور نے سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ کے بیان کے بعد پرویز اشرف کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ سابق ایم ڈی پیپکو غیر قانونی بھرتیوں کے معاملہ اور میرٹ سے ہٹ کر کمپنیوں کو ٹھیکے دینے پر پہلے ہی نیب کی تحویل میں ہیں۔ طاہر بشارت چیمہ سے تفتیش کے بعد نیب نے پرویز شرف کو وضاحت کے لیے طلب کیا ہے تاہم پرویز اشرف نے فوری طور پر نیب حکام کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کر لی ہے اور اس حوالہ سے ان کے وکلاء نے تحریری درخواست نیب کو جمع کروائی ہے، درخواست میں کہا گیا پرویز مشرف کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے اور وہ فوری طور پر نیب حکام کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے البتہ اگر نیب حکام کو کوئی وضاحت چاہئے تو وہ تحریری طور پر آگاہ کریں تو راجہ پرویز مشرف کی جانب سے تحریری جواب جمع کروا دیا جائے گا۔ اس حوالہ سے نیب کی اعلیٰ سطح ٹیم کارروائی کر رہی ہے اور آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی جمع کروائی جائے گی۔