ظہیر عباس نے بھارتی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں شامل کرنے کی تجویز دیدی
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے پاکستان سپر لیگ میں بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت کی تجویز دے دی۔ آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز شامل ہوں تو ایونٹ کا مزہ دوبالا ہو جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز کی موجودگی سے آئی پی ایل زیادہ مقبول ہوتی، پاکستان لیگ میں بھی بھارتی کرکٹرز کو شامل کرنا چاہئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نو منتخب صدر انوراگ ٹھاکر کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹر ہوتے تو انڈین پریمیئر لیگ زیادہ مقبول ہوتی اور اگر آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے گیا تو اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت سے متعلق بات کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان لیگ میں بھی بھارتی کرکٹرز کو شامل کرنا چاہئے۔دریں اثناء بھارتی کرکٹ بورڈ کے نو منتخب صدر انوراگ ٹھاکر نے صدر آئی سی سی ظہیر عباس کو آئی پی ایل کا فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دیدی ہے۔