• news

دیوار گرنے سے مزدوروں کی ہلاکت‘ وزیراعلیٰ جائے حادثہ پر پہنچ گئے‘ گودام مالک کی گرفتاری کا حکم

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مناواںکے قریب زیر تعمیر گودام کی دیوار گرنے کے جائے حادثہ کا اچانک دورہ کیا اورمزدوروں سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاںبحق مزدوروں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ شہباز شریف نے وہاں موجود مزدوروں سے گفتگو میں کہا کہ زیر تعمیر گودام کی دیوار گرنے کے باعث مزدوروں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔میری اورپنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ پابندی کے باوجود گنجان آباد علاقے میں فیکٹری اوراسکے ساتھ گودام کی تعمیر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ میرا آپ سے وعدہ ہے کہ اس کوتاہی کے ذمہ دارقانون کے مطابق سزا سے نہیں بچ پائیںگے۔ جن کے پیارے بچھڑ گئے انہیں واپس تو نہیں لایا جا سکتا لیکن اس افسوسناک واقعہ پر میرادل بہت رنجیدہ ہے۔پابندی کے باوجود اس غیر قانونی تعمیر کا میں نے سخت نوٹس لیا ہے اورمتعلقہ اداروں کے ذمہ داران کیساتھ فیکٹری مالک کیخلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔فیکٹر ی مالک قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیگااوراسے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔قانون کا آہنی ہاتھ اس غیر قانونی کام کرنے والے اورمعصوم مزدوروں کی زندگیاں چھیننے والوں کے گریبان تک ضرور پہنچے گا۔ جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی تک میں چین سے نہیں بیٹھوں گااورذمہ داروں کوکیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ محنت کش میرے بھائی ہیں اور انہیں انصاف دلانا میرا فرض ہے۔ پنجاب حکومت جاں بحق مزدوروں کے لواحقین اوران کے یتیم بچو ںکی دیکھ بھال کریگی۔ایسے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی جن کی غفلت کی وجہ سے یہ غیرقانونی گودام تعمیر ہو رہا تھا۔ وزیراعلیٰ نے بغیر اجازت گودام کی تعمیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے گودام کے مالک کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گودام مالک جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کو 30 لاکھ روپے فی کس بھی ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے بغیر این او سی گودام کی تعمیر پر سخت برہمی کااظہار کیا اورمتعلقہ افسروں کی سرزنش کی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مزدوروں کی جان کی حفاظت کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے اورنج لا ئن میٹروٹرین کے منصوبے پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی کی سائٹ کا دورہ کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کو ایک مزدورعبدالستار نے بتایا کہ زیر تعمیر گودا م کی60فٹ اونچی دیوار انتہائی کمزور تھی اوراسکی بنیادیں بھی نہ ہونے کے برابر تھیں۔ طوفان والی رات ٹریکٹر ٹرالی بھی اس دیوار سے ٹکرائی جس سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ایک اور مزدور نے کہاکہ ہمارے ساتھی ہم سے بچھڑ گئے ہیں، آپ کی آمد سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے۔ علاوہ ازیں اسمبلی چیمبر میں ارکان اسمبلی سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ سیاست کا محور عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے۔ گزشتہ 3 برس کے دوران فلاح عامہ کے منصوبوں پر اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ نوازشریف کی قیادت میں آئندہ 2 برس میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ (ن) اقدار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن