6خودکشیاں: لاہور میں گھریلو جھگڑوں سے تنگ نوجوان نے خودسوزی کر لی
لاہور (نامہ نگار+نمائندگان) مختلف وجوہات پر نوجوان، 13 سالہ لڑکے،2 خواتین سمیت 6 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے علاقہ میں 22 سالہ نوجوان نے روز روز کی لڑائی جھگڑوں سے تنگ آکرخود پر پٹرول چھڑک کرخود سوزی کر لی ہے۔ شاہدرہ ٹاؤن کالا خطائی روڈ کے رہائشی 22 سالہ نبیل اور اس کی بہن کی وٹے سٹے کی شادی ہوئی تھی۔ شادی کے چند روز بعد ہی نبیل اور اس کی بیوی کے درمیان اختلافات شروع ہوگئے اور دونوں خاندانوں کے درمیان بھی جھگڑاشروع ہو گیا ہے جس پر گزشتہ روز نبیل نے دلبرداشتہ ہو کر خود پر پٹرول چھڑک کرخودسوزی کر لی جس سے وہ جھلس کر شدید زخمی ہو گیا۔اسے طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور اس نے دم توڑ دیا ہے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق ثنا بی بی زوجہ شاہد کی کسی بات پر گھر میں تلخ کلامی ہوئی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ منڈی فیض آباد سے نامہ نگار کے مطابق پولیس چوکی گیمبر تھانہ یوسف والا کے علاقے میں 52 فائیو ایل کا رہائشی منظور اقبال گھر کے باہر موٹر سائیکل کھڑی کرکے اندر گیا تھوڑی دیر بعد جب باہر آیا تو موٹر سائیکل غائب تھی۔ اسی بات پر گھر میں جھگڑا ہو گیا۔ منظور نے طیش میں آکر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق ہلہ روڈ پتوکی میں جنید جٹ کا اپنے اہل خانہ سے گھریلو جھگڑا چلا آرہا تھا دوبارہ منہ ماری ہوئی تو جنید جٹ نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق صدر ننکانہ کے گائوں بڈھا کی زیبا بی بی جو دو کم سن بچوں کی ماں تھی کی دو روز قبل گھر آئی شادی شدہ نند تسلیم سے بچوں کے جھگڑا پر تلخ کلامی ہوئی نند نے بھابھی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھابھی زیبا نے خوفزدہ ہوکر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھاکر خودکشی کر لی۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق رچنا ٹائون میں بھائی کے ساتھ جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر 13 سالہ لڑکے نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ رچنا ٹائون کے جواد کے دو نوعمر بیٹے تجمل اور مزمل گھر میں موجود تھے کسی بات پر جھگڑ پڑے 13 سالہ مزمل نے اپنے گلے میں کپڑا پھندا ڈال کر مکان کی سیڑھیوں والے جنگلے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ بنوں سے آئی این پی کے مطابق بنوں کے مختلف علاقوں میں زہریلی دوا کھانے سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پی سمیت 4 افراد دم توڑ گئے گزشتہ روز کم چشمئی ڈومیل میں فہداللہ ساکن شمالی وزیرستان میرعلی اور مرغالی ڈومیل کے رہائشی برہان نے زہریلی دوائی کھائی حالت خراب ہوگئی خلیفہ گل نواز میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پہنچایا جہاں وہ علاج کے دوران جانبر نہ ہو سکے۔ تھانہ ٹائون شپ کی حدود میں بیزن خیل میں شمالی وزیرستان میرعلی کے نیاز محمد نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
خودکشیاں