سلامتی کونسل میں افریقہ کی نشستوں میں اضافے کی حمایت کر تے ہیں: پاکستان
نیویارک (آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان سکیورٹی کونسل میں افریقہ کی نشستوں میں اضافے کی حمایت کرتا ہے‘ پاکستان افریقی سکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کرسکتا ہے‘ پاکستانی فوجیوں نے سیرالیون‘ برونڈی‘ تیمور اور لائیبیریا میں کامیابیاں حاصل کیں‘ قیام امن کے لئے پاکستان کو اپنے کردار پر فخر ہے۔ وہ سلامتی کونسل میں مباحثے میں اظہار خیال کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقی ریاستوں میں قیام امن کے لئے تعاون پر تیار ہے۔ پاکستان افریقی یونین سے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے امن مشن سے منسلک ہے۔ پاکستان کے سات ہزار سے زائد فوجی امن مشن میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ امن مشن میں پاکستانی فوجیوں کی زیادہ تعداد افریقی ممالک میں تعینات ہے۔