• news

وزیراعظم قوم کے سوالات کا جواب نہ دیکر استعفی کا باعزت آپشن کھو رہے ہیں: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پانامہ لیکس کا جواب دینے کی بجائے بیماری کا بہانہ بنا کر لندن چلے گئے اور انہی فلیٹس میں رہائش پذیر ہیں جو لوٹ مار کی کمائی سے خریدے گئے۔ قوم کے سوالات کا جواب نہ دیکر وزیراعظم مستعفی ہونے کا باعزت آپشن بھی کھو رہے ہیں۔ 60 فیصد سے زائد ملکی غریب آبادی کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں جبکہ مغل شہنشاہ حکمران لوٹ مار کی کمائی سے دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں محلات خرید رہے ہیں۔ قائداعظم کے پاکستان میں ماڈل ٹائون کے قاتلوں اورپانامہ کے چوروں کی اب کوئی جگہ نہیں۔ وہ پارٹی کے یوم تاسیس پر مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کر رہے تھے تقریب کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین نے کی۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا، ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ عوامی تحریک مزدوروں،مظلوموں، کسانوں ،طلبہ اور سوسائٹی کے کمزور طبقات کو ان کے بنیادی آئینی حقوق دلوانے کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 1973 ء کے آئین پر اتفاق ضرور ہوا مگر آج تک اس کا نفاذ نہیں ہو سکا۔ آئین شہریوں کے جان و مال ،تعلیم ،صحت ،تحفظ کی ضمانت دیتا ہے مگر اس پر آج تک عمل نہیں ہوا۔ ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 مئی 1989 کے دن موچی گیٹ کے تاریخی مقام پر عوامی تحریک کی بنیاد رکھی گئی ۔ڈاکٹر طاہر القادری مزدوروں، مظلوموں، مجبوروں ،تھرڈ ورڈ اور امت مسلمہ کے لیڈر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن