ہنجروال میں اندھے قتل کا معمہ حل ، مقتول کا بھانجا گرفتار
لاہور(نامہ نگار)ہومی سائیڈ یونٹ سبزہ زار پولیس نے چند ماہ قبل ہنجر وال میں ہونے والے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگاکر مقتول کے بھانجے کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل مندر ٹائون ہنجر وال کا رہائشی خورشید اپنے گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا ۔ وقوعہ کی سنگینی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ۔جس پر انچارج ہومی سائیڈ یونٹ سبزہ زار سب انسپکٹر خالد یعقوب گورسی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے تفتیش کا آغاز کیا ،تو مقتول کے بھانجے استخار علی کا کردار مشکوک نظر آیا ۔جس پر استخار علی کو شامل تفتیش کیا گیا ،تواس نے بتایاکہ مقتول عبدالرشیداس کا ماموں تھا چونکہ میں نشہ کا عادی ہوں اور اس روز میرا نشے سے برا حال تھا۔ میں اپنے ماموں کے پاس پیسے لینے گیا جو اس روز گھر میں اکیلا ہی تھا، ماموں نے پیسے دینے سے صاف انکار کر دیا جس پر میں مشتعل ہو گیا اور اپنے ماموں کے گلے میں پھندا ڈال کر اتنی زور سے کسا کہ وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا ۔