پاکستان کی بقا کو خطرات ہیں‘ فضل اللہ کے لئے کوئی ڈرون نہیں: خواجہ آصف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پاکستان کی بقاء کو خطرات لاحق ہیں۔ ملا فضل اللہ افغانستان میں بیٹھ کر لوگوں کو قتل کرا رہا ہے۔ ملا فضل اللہ کیلئے کوئی ڈرون نہیں۔ موجودہ حالات میں اندرونی چپقلش ختم کرنا ہوگی۔ سب کچھ امریکہ نہیں ہمارے پاس اور بھی راستے ہیں۔ امریکہ پر انحصار کم کرنا ہوگا۔ پاکستان آج بھی امن چاہتا ہے۔ آئی این پی کے مطابق ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے آج وزیراعظم وطن واپس آ جائیں گے تو پھر نیشنل سکیورٹی سے متعلق اجلاس بلا کر اپنا موقف دیں گے۔ انہوں نے کہا افواج پاکستان نے بہادری اور جرات سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ بھارت اور افغانستان سے سٹیٹ سپانسرڈ دہشتگردی ہو رہی ہے۔ پاکستان ہمیشہ کی طرح آج بھی امن چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ ایف 16 پر بلیک میل کر رہا ہے ہمیں اس کے لئے دوسری منڈیاں تلاش کرنی چاہئیں۔ ہم امریکہ کے پابند نہیں ہیں۔ ایف 16 کسی بھی ملک سے خرید سکتے ہیں۔