فنڈز جاری نہ ہونے‘ کام میں مداخلت پر وزیر مملکت مواصلات عبدالحکیم بلوچ نے استعفیٰ دیدیا
اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وت نیوز) وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ نے استعفیٰ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز وفاقی وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ نے اپنی وزارت میں مداخلت اور آزادانہ کام نہ کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف کو اپنا تحریری استعفیٰ ارسال کر دیا ۔ عبدالحکیم بلوچ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر 2013ء کے الیکشن میں کراچی کے علاقے ملیر سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ عبدالحکیم بلوچ نے استعفے میں موقف اختیار کیا ہے وزیراعظم کو پہلے بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکا ہوں میرے حلقے میں کوئی ترقیاتی فنڈ جاری نہیں کئے گئے اپنے حلقے میں اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے سے قاصر ہوں اور میری وزارت میں بھی مداخلت کی جا رہی ہے اس لئے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ وزیراعظم ہائوس کے ذرائع کے مطابق عبدالحکیم بلوچ کا استعفی ابھی موصول نہیں ہوا ہے اور اگر استعفیٰ موصول ہوا بھی تو اس کی منظوری یا رد کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کرینگے۔ عبدالحکیم بلوچ نے اپنے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے اختیار وزارت کس کام کی‘ حلقے کے لوگوں کے کام نہ کرا سکوں تو وزارت کا پروٹوکول کیا کرنا‘ پہلے بھی ایک دو بار استعفیٰ دیا ہر بار وزیراعظم کی یقین دہانی پر اپنا فیصلہ واپس لے لیا مگر اس بار استعفیٰ واپس نہیں لوں گا اور بحیثیت رکن قومی اسمبلی اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کروں گا۔ حلقہ این اے 258 ملیر کراچی سے منتخب شدہ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جنرل الیکشن 2013ء میں کراچی سے مسلم لیگ ن کو واحد نشست میں نے جیت کر دی تھی۔ مجھے وزیر مملکت تو بنادیا گیا مگر میں بے اختیار تھا۔